آنلی کشمیر نیوز ڈیسک
نئی دہلی/ریختہ فاؤنڈیشن فخر کے ساتھ جشنِ ریختہ کے دسویں ایڈیشن کا اعلان کرتا ہے، جو 5، 6 اور 7 دسمبر کو دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (DDA) کے اشتراک سے بانسیرا پارک، نئی دہلی میں منعقد ہو رہا ہے۔ یہ ایڈیشن اردو کی لازوال خوب صورتی، اس کے ورثے، شاعری، موسیقی اور فنون کو دنیا بھر کے فن کاروں اور ادب نواز دوستوں کے ساتھ ایک عظیم خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔
اس سال جشنِ ریختہ میں 300 سے زائد فنکار اور 35 سے زیادہ سیشنز پانچ اسٹیجز—محفل خانہ، دیارِ اظہار، سخن زار، بزمِ خیال اور ایوانِ ذائقہ—پر منعقد ہوں گے، جو ایک منفرد تخلیقی تجربہ پیش کریں گے۔
ریختہ فاؤنڈیشن کے بانی سنجیو سراف نے کہا:
“گزشتہ دس برسوں میں جشنِ ریختہ عوام کا تہوار بن چکا ہے، اردو کو چاہنے والوں کی محبت نے اسے وہ مقام دیا ہے جہاں یہ صرف بڑا نہیں ہوا، بلکہ اپنے روحانی اور تہذیبی اثر میں بھی بڑھا ہے۔ اردو آج بھی لاکھوں دلوں میں زندہ ہے۔”
جشنِ ریختہ 2025 میں کیا دیکھنے کو ملے گا؟
دسویں ایڈیشن میں اردو کی جذباتی اور شعری لطافت کو اجاگر کرنے والی متعدد خصوصی محفلیں اور سیشن شامل ہیں جیسے:
مہکتی خوشبو کا سفر—گلزار کے ساتھ: محبت، جدائی اور زندگی کے شعری فلسفے پر گفتگو (گلزار اور دیویا دت کے ساتھ)۔
رنگِ موسیقی — سکھ وِندر سنگھ کا پاور پیک کنسرٹ
ساز اور سما — سلیم–سلیمان کی دلکش موسیقی
دل ابھی بھرا نہیں—ساحر لدھیانوی کو خراجِ عقیدت (جاوید اختر، شنکر مہادیون اور پرتِبھا سنگھ باگھیل کے ہمراہ)۔
The Orchestral Qawwali Project — رُشِل رنجن اور عابی سمپا کے عالمی شہرت یافتہ پروجیکٹ کی بھارت میں پہلی پیشکش
رنگ اور نور — ہما خلیل کا اردو شاعری اور سنیما پر مبنی میوزیکل ڈراما
مشاعرۂ ریختہ اور روحِ مجروح — دنیا بھر کے ممتاز شعراء و نغمہ نگاروں کی شرکت
اس کے علاوہ ایوانِ ذائقہ میں لذیذ پکوان، ریختہ بک بازار میں نایاب و کلاسیکی کتابیں، اور ریختہ بازار میں دستکاری کے اسٹال بھی موجود ہوں گے۔
ریختہ پویلین میں اردو سیکھنے کے جدید ٹولز، ڈیجیٹل وسائل اور انٹرایکٹو سرگرمیوں کے ذریعے زبان سے قربت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
ہر شام لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو: بانسیرا اور دریائے یمنا کے کنارے کو روشنی، آواز اور شاعری کے حسین امتزاج میں بدل دے گا۔
ریختہ فاؤنڈیشن کی ٹرسٹی اور کریئیٹو ڈائریکٹر ہما خلیل نے کہا:
“دس برسوں میں جشنِ ریختہ اردو کی مکمل شان کا جشن بن کر ابھرا ہے— شاعری، موسیقی، ادب اور فنون لطیفہ کی صورت۔ یہ جشن ریختہ کے سال بھر کے کاموں کا عکاس بھی ہے— کتابوں کی اشاعت، Rekhta.org کا علمی ذخیرہ، تعلیمی پروگرام، آڈیو ویژول مواد، اردو مخطوطات کی ڈیجیٹائزیشن اور صوفی و ادبی ورثے کی حفاظت۔”
2015 میں ایک چھوٹی سی کاوش کے طور پر شروع ہونے والا جشنِ ریختہ آج دنیا کی سب سے بڑی عالمی اردو تحریک میں تبدیل ہو چکا ہے، جو دس برسوں میں لاکھوں سامعین کو اپنی طرف متوجہ کر چکی ہے۔
دو کامیاب بین الاقوامی ایڈیشنز کے بعد، ریختہ فاؤنڈیشن جشنِ ریختہ دبئی 2026 کا اعلان بھی کر رہا ہے، جو 14–15 فروری کو منعقد ہوگا۔

